لکھنؤ،26؍جنوری (ایس او نیوز؍ایجنسی) سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ انتخابی تشہیر پر پابندیاں اس لیے لگائی گئی ہیں کیونکہ پنجاب کے کسانوں نے دکھا دیا ہے کہ جب وزیر اعظم وہاں جانا چاہتے تھے تو پوری کرسیاں خالی تھیں۔ انھیں ڈر تھا کہ اتر پردیش میں بھی کرسیاں خالی نہ رہ جائیں۔ اس لیے پابندی لگ گئیں۔
بدھ کے روز سماجوادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو لکھنؤ کے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ انتخاب بہت مختلف ہے۔ ہم سب نہیں جانتے تھے کہ پابندیاں اس طرح لگائی جائیں گی۔ ہمارے دفتر کی تصویر چلی جائے گی تو نوٹس آ جائے گا، لیکن دوسرے کچھ بھی کریں کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ ہمیں امید ہے کہ یوم جمہوریہ پر کوئی نوٹس نہیں آئے گا۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ کبھی کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ ایسا بھی انتخاب ہوگا کہ ووٹ مانگنے پر بھی پابندی لگ جائے گی۔ انھوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان سے ہمیں محتاط رہنا ہوگا۔ انھوں نے یوم جمہوریہ کے موقع پر سماجوادی پارٹی کے کارکنان کو آئین اور جمہوریت بچانے کا عزم بھی دلایا۔ کہا کہ بدلاؤ کی شروعات اتر پردیش سے ہوتی ہے۔ انتخاب میں اب بہت کم دن بچے ہیں، انٹرنیٹ میڈیا پر کیا کیا جھوٹ و غلط فہمی پھیلائی جا رہی ہے سب پر نظر ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ انتخاب کا رخ دوسری طرف چلا جائے، لیکن ابھی تک ہماری سمت بدل نہیں پائے ہیں۔
اکھلیش یادو نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ آج نیتا جی (ملائم سنگھ یادو) کا بھی ہمیں آشیرواد ملا ہے۔ لوہیا اور امبیڈکر بھی مل کر کام کرنا چاہتے تھے لیکن وقت اور حالات نے انھیں موقع نہیں دیا۔ ہم نے اس سمت میں کوشش کی ہے، آج سماجوادیوں کو اپنے ساتھ امبیڈکروادیوں کو بھی لانا ہوگا۔ سماجوادی پارٹی سربراہ نے مزید کہا کہ ہمیں سوچنا پڑے گا کہ جو منفی لوگ ہمارے ملک کو آگے نہیں لے جانا چاہتے ہیں، سماج کو تقسیم کر ووٹ مانگ رہے ہیں، ان کے خلاف متحد ہونا ہی پڑے گا۔ اس لیے ہم آج کے دن عزم لیں کہ جس آئین نے اس عظیم جمہوریت کو قائم کیا، اسے ہر حال میں بچائیں گے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ انتخاب ملک کا سب سے بڑا انتخاب ہونے والا ہے۔ اس ملک کا کسان کئی مہینوں تک دھرنے پر بیٹھا رہا، جس میں کئی کسان شہید بھی ہو گئے۔ آج وہ لوگ اقتدار میں بیٹھے ہیں جن کے بیٹوں نے کسانوں کو جیپ سے کچلا تھا۔
اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے محافظ ملائم سنگھ یادو نے ملک کو آزادی دلانے والے مجاہدین آزادی کو یاد کیا۔ انھوں نے سماجوادی پارٹی کارکنان سے کہا کہ آپ کو یا آپ کے کنبہ میں کوئی دقت، پریشانی یا بیماری ہو تو ہمیں لکھ کر دینا، ہم آپ کے گھر آ کر اسے دور کریں گے۔ ہندوستانی آئین کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ ہمیں یکساں مواقع فراہم کرتا ہے۔ انھوں نے پارٹی کارکنان کا شکریہ بھی ادا کیا۔